حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لکھنؤ/ حوزہ علمیہ زینبیہ، مفتی گنج، لکھنؤ میں جاری الکوثر قرآن کلاسز کے تحت منعقدہ ایک ماہ پر مشتمل قرآن ٹیچر ٹریننگ کورس کی اختتامی تقریب نہایت عقیدت و احترام اور جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوئی۔ اس کورس کا مقصد خواہران کو قرآن کریم کی مؤثر، درست اور معیاری تعلیم و تدریس کے لیے تیار کرنا اور معاشرے میں قرآنی تعلیم کے فروغ کی راہیں ہموار کرنا تھا۔

تقریب میں حجۃ الاسلام مولانا حسنین باقری نے اپنے خطاب میں اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ حوزہ علمیہ زینبیہ میں قرآن کریم کی تعلیم و تدریس کے حوالے سے ایک اہم اور قابلِ قدر قدم اٹھایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں قرآن کریم کے حوالے سے اس نوعیت کے منظم کام کی کمی محسوس ہوتی رہی ہے، تاہم یہاں خواہران کی اس تربیت اور قرآن کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو دیکھ کر خوشی اور امید پیدا ہوتی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر مدرسے کے بانی مولانا سید مشرف حسین صاحب کو بھی یاد کیا اور امید ظاہر کی کہ تربیت حاصل کرنے والی خواہران اس عظیم مقصد کو آگے بڑھائیں گی اور قرآن کریم کی تعلیم کو عام کرنے میں مؤثر کردار ادا کریں گی۔

اس موقع پر معلمِ قرآن حجۃ الاسلام ڈاکٹر سید کرار علی جعفری نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ یہ اختتام نہیں بلکہ ایک نئے سفر کا آغاز ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کورس سے تربیت یافتہ خواہران آئندہ قرآن کریم کی تعلیم و تدریس کے میدان میں اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے اس عظیم مشن کو مزید وسعت دیں گی۔ انہوں نے مدارس کی توجہ اس اہم نکتے کی جانب مبذول کرائی کہ بچوں کی ابتدائی تعلیم ہی سے قرآن کریم کو خصوصی اہمیت دی جانی چاہیے، تاکہ نئی نسل قرآن کو صحیح طور پر پڑھنے، سمجھنے اور اس کی تعلیمات سے وابستہ ہونے کا شعور حاصل کر سکے۔ انہوں نے قرآن کریم کی تعلیم کو دینی تربیت کی بنیادی ضرورت قرار دیتے ہوئے اس شعبے میں سنجیدہ اور مسلسل کوششوں پر زور دیا۔

حجۃ الاسلام آغا عبد الزہراء اکبر علی ترابی نے اپنے خطاب میں حوزہ علمیہ زینبیہ کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور قرآن کریم کی تعلیم و ترویج کے حوالے سے اہم نکات کی جانب توجہ دلائی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس کورس کے ذریعے تربیت پانے والی خواہران مستقبل میں قرآن کریم کی مبلغات بن کر مختلف مقامات پر اس کی تعلیمات کی روشنی پھیلائیں گی اور معاشرے میں قرآنی شعور بیدار کرنے کا ذریعہ بنیں گی۔

تقریب کی نظامت کے فرائض مولانا سید سراج احمد نے انجام دیے۔ پروگرام کے اختتام پر مدرسے کی مدیرہ خواہر ثانیہ زہرا رضوی نے تمام معزز مہمانوں، علماء کرام اور اس پروگرام کے انعقاد میں تعاون کرنے والے افراد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے حضرت زینب سلام اللہ علیہا کی سیرتِ مبارکہ کی روشنی میں علم، صبر، استقامت اور حق کے پیغام کو آگے پہنچانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور خواہران کو اس عظیم دینی ذمہ داری کی ادائیگی کے لیے حوصلہ افزائی کی۔

اس ایک ماہ کے تربیتی کورس کے اختتام پر خواہران میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ یہ کورس قرآن کریم کی تعلیم کو بہتر انداز میں عام کرنے اور تربیت یافتہ معلمات کی ایک ایسی جماعت تیار کرنے کی جانب اہم قدم ہے جو آئندہ نسلوں تک کلامِ الٰہی کا پیغام پہنچانے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔

حوزہ علمیہ زینبیہ کی جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ قرآن کریم کی تعلیم و ترویج کے اس سلسلے کو مزید آگے بڑھایا جائے گا، تاکہ قرآن کی روشنی زیادہ سے زیادہ گھروں اور معاشرے کے مختلف طبقات تک پہنچ سکے۔












آپ کا تبصرہ